ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور: ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا کی برطرفی کا مطالبہ لے کر کانگریس کا رات دن کا دھرنا جاری؛ 21 ؍فروری کو ریاست گیر احتجاج کا اعلان

بنگلور: ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا کی برطرفی کا مطالبہ لے کر کانگریس کا رات دن کا دھرنا جاری؛ 21 ؍فروری کو ریاست گیر احتجاج کا اعلان

Sun, 20 Feb 2022 12:22:06    S.O. News Service

بنگلورو،20؍فروری (ایس او نیوز) باحجاب خواتین کو کالج میں جانے سے روکنے کے لئے شموگہ میں  گذشتہ ہفتہ  کیسری شال پہن کر بعض شدت پسند تنظیموں سے تعلق رکھنے والے  نوجوانوں نے ہنگامہ برپا کیا تھا اور کالج کے کیمپس میں موجود  قومی ترنگا ہٹاکر وہاں بھگوا جھنڈا لہرادیا تھا،بعد میں جب اسکول کی طرف سے بھگوا جھندا ہٹاکر واپس قومی ترنگا لہرا یا گیا تو  ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا نے بیان دیا تھا کہ  مستقبل میں کسی  بھی وقت  بھگوا جھنڈا  ہی قومی پرچم بنے گا۔  بی جے پی  وزیر کی طرف سے اس طرح کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے کے ایس ایشورپا کو برطرف کرنے کا مطالبہ شروع کردیا ہے۔

 اپوزیشن کانگریس کے اراکین اسمبلی نے ہفتہ کو بھی دیہی ترقی اور پنچایت راج کے وزیر کے ایس  ایشورپا کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ہالوں میں سو کر اپنا رات بھر دھرنا جاری رکھا۔تجربہ کار لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن ملکارجن کھرگے نے اسمبلی کی طویل مدت پر احتجاج کرنے والے پارٹی قانون سازوں سے ملاقات کی اور ان کی لڑائی میں اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سدارامیا، کے پی سی سی صدر ڈی کے۔ شیوکمار، سینئر قانون ساز کے آر۔ رمیش کمار، یوٹی قادر اور تنویر سیٹھ نے اس تعلق سے مسٹر کھرگے سے  بھی بات چیت کی ہے۔

 ودھان سودھا میں کے پی سی سی صدر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ ریاستی وزیر کے ایس ایشورپا کی برطرفی کے مطالبہ  لے کر  پیر 21 ؍فروری کو ریاست کے تمام تعلقہ جات میں کانگریس کارکنان احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ بعد ازاں تحصیلدار دفتر پہنچ کر یاداشت پیش کریں گے اور اپنے اپنے قریوں میں احتجاجی مظاہرہ منعقد کریں گے۔ ڈی کے شیور کمار نے کہا کہ قومی ترنگا کے بارے میں ایشورپا نے جو بیان دیا ہے، اسے ہم عوام کی  عدالت میں لے جارہے ہیں۔ ایشورپا چاہیں تو ہمارے خلاف مقدمہ درج کراسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 8 فروری کو شموگہ میں ترنگا جھنڈا کی جگہ پر بھگوا جھنڈا لہرایا گیا تھا، اگلے روز 9 فروری کو بی جےپی کے سنئیر لیڈر اور کرناٹک کے رورل ڈیولپمنٹ ایند پنچایت راج منسٹر کے ایس ایشورپا نے دعویٰ کیا کہ مستقبل میں بھگوا جھنڈا ہی  قومی پرچم ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں یہ بھی کہا تھا کہ لال قلعہ  میں بھی ایک روز بھگوا جھنڈا لہرایا جائے گا۔ ایشورپا کا کہنا تھا کہ  آج کل ملک میں 'ہندو ۔وچار (ہندو سوچ) ' اور 'ہندوتوا' پر بحث  جاری ہے۔ایک موقع پر لوگ ہنستے تھے جب ہم کہتے تھے کہ ایودھیا میں رام مندر بنے گا۔ انہوں نے سوال کیا  کہ کیا اب ہم اسے نہیں بنا رہے ہیں؟  اسی طرح مستقبل میں  بھلے 100 یا 200 یا 500 سال بعد بھگوا جھنڈا ہی قومی پرچم بنے گا۔


Share: